پشاور(جنگ نیوز) فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام تھیلی سیمیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو انتقال خون کی فراہمی کیلئے پشاور، باڑہ اور چارسدہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپوں کا انعقاد کیا گیا، اس دوران عوام اور طلباءنے امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے درجنوں بیگز خون عطیہ کیا، بلڈ کیمپ پشاور صدر، یونیورسٹی ٹاؤن، مدرسہ دار القرآن باڑہ، سپن قبر چوک باڑہ اور چارسدہ کی تحصیل تنگی میں لگائے گئے، اس موقع پر فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم جس میں پی آر اونصراللہ، میڈیکل ٹیکنیشن محمد الیاس، محمد علی شاہ،منظورخان، اکرام خان اور یاسر شامل تھے کو عمائدین علاقہ کا تعاون حاصل رہا، دریں اثناءچیئرمین فرنٹیئر فاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے خون عطیہ کرنے والے عوام خصوصاً طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بلڈ ڈونرز کی جانب سے خون کے عطیات کی بدولت ہی امراض خون میں مبتلا بچوں کی زندگی کا چراغ روشن ہے، انہوں نے طلباءکے کردارکو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ آگے آئیں اور موروثی مرض میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانے میں ہمارا ساتھ دیں۔