• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری حکومت آئی تو کراچی میں پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کر دینگے، وزیراعظم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے کماؤ ترین شہر میں عوام کو پینے کا پانی میسر نہ ہو تو اس سے بڑی بدقسمتی کی بات نہیں ہو سکتی، ہماری حکومت آئی تو کراچی میں پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کردینگے، حکومت سرمایہ کاری سہولت اور کاروبار دوست پالیسیوں سے معیشت بحالی میں سر گرم ہے،آئی ایم ایف نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں لیکن ہم نے ری اسٹرکچرنگ کر لی ہے اس سے نکل جائیں گے، بجلی سستے نرخوں پر نہ ملنا صنعتوں کیلئے دھچکا ہے، تاجرپاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، غربت سے نجات کاپلان تیار کرلیا ہے، کچھ لوگ جادو ٹونے سے ملک کو ڈیفالٹ کرنا چاہتے ہیں، روشنیوں کا شہر کراچی گیٹ وے ٹو پاکستان ہے، اگر الزام تراشی میں جائینگے اسکا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، موقع ملا تو چاروں صوبوں میں 5 سے 10لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار چیمبر آف کامرس میں ایکسپورٹ ایورڈز اور گورنر ہاؤس سندھ میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کراچی چیمبر سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا کمانے والا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان، ٹریڈرز اور بینکرز پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان مشکلات کے باوجود آپ نے پوری کاوشیں کیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم پڑوسی ممالک سے پیچھے رہ گئے ہیں اس میں ماضی اور آج کی حکومتوں کا کتنا قصور ہے حالات کا کتنا دخل ہے اور مقابلے میں ہماری صنعت نے جدید ٹیکنالوجی کو کس حد تک استعمال کیا۔

اہم خبریں سے مزید