کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دربار ہوٹل ہزار گنجی کے تندور مالک کو گرفتار کر لیا۔جبکہ رئیسانی روڈ پرمضرصحت دودھ تیار کرنیوالے مکانوں پرچھاپے مارکر سیمپل لیکر لیباری ٹیسٹ کیلئے بھجوادیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیومیںہزار گنجی میں واقع دربار ہوٹل کے تندور میں کم وزن والی روٹی فروخت کی جارہی تھی جس پر اسپیشل مجسٹریٹ سریاب مسعود بگٹی نے کارروائی کرتے ہوئے تندور مالک کو گرفتار کر لیا۔جبکہ کارروائی کے دوران ہزار گنجی و نواحی علاقوں میں دیگر تندوروں پر بھی چھاپے مارے گئے اس دوران 8 دیگرتندور مالکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ نثار احمد لانگو کی سربراہی میں رئیسانی روڈ پر گھروں میں مضر صحت دودھ تیار کرنے والے مکانات پر چھاپہ مارا گیا اس کارروائی کے دوران برآمد دودھ کا نمونہ لیبارٹری ٹیسٹ کےلیے بھجوا دیا گیا جبکہ رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ نثار احمد لانگو نے کہاکہ اطلاعات تھیں کہ رئیسانی روڈ پر مذکورہ مکانوں میں دودھ تیار کیا جاتا ہے جس پر کارروائی کی گئی مکان میں موجود افراد کے مطابق ڈیری فارم سے دودھ یہاں لاکر یہاں سے آگے سپلائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہ رکھنے پر سخت کارروائی کی جائےگی۔