اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )10محرم الحرام کے لئے راولپنڈی پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ۔ 6000 سے زائد افسران واہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، 1000کے قریب ٹریفک سٹاف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے گا، مرکزی جلوس پر 3000 سے زائد افسران و اہلکار ، دیگر مجالس،جلوسوں پر 2000سے زائد افسران اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ 2200 سے زائد رضاکار بھی پولیس کی معاونت کریں گے، سی پی اوسید خالدہمدانی کا کہناتھاکہ جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔جلوس،مجالس میں آنے والے شرکاء کو باڈی سرچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہو گی، جلوس کی سیکورٹی کیلئے روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا،محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کے احکامات پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔