کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈنے ورلڈ کپ تک غیر ملکی کوچز مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو تبدیل کرنے کا ارادہ ترک کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس میں سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ گوکہ میں غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں، لیکن اگر نجم سیٹھی نے غلط فیصلہ بھی کیا ہے تو ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے۔ مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو وقت ملنا چاہیے، ورلڈ کپ کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے سابق چیف سیکریٹری پنجاب اور پاکستان ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کو ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا منیجر بنانے کی تجویز نہیں ہے۔ نوید اکرم چیمہ نے کئی بڑے کھلاڑیوں کو ڈسپلن کا پابند بنایا اور وہ سخت رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ تاہم کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ موجودہ ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں ہے جو منیجر یا ٹیم انتظامیہ کیلئے مسائل پیدا کرے ۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کی اچھی کارکردگی بھی ایسے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔