کراچی (ٹی وی رپورٹ) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ہائیکنگ کیلئے محفوظ جگہ ہے، میں ہمیشہ سے پاکستان میں تعیناتی کی متمنی تھی.
پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے میں پہلے بھی 2007ء اور 2018ء میں یہاں آئی ہوں، میں پرامید تھی ایک دن پاکستان میں ضرور تعینات ہوں گی.
وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت بڑھی اس سے بھی پاکستان میں پٹرول کے نرخ میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی نے 9مئی کے نتائج دیکھ لئے اب بھی یہ فساد کی راہ دیکھتے ہیں یہ رویہ اچھا نہیں ہے، ملک میں معدنیات کے 6.1ٹریلین ڈالر مالیت کے ذخائر ہیں، میڈیا پر عمران خان کا نام لے رہا ہوں کون کہتا ہے پابندی ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن شعیب شاہین اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی شریک تھے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ تمام قومی منصوبے آرمی چیف نے چلانے ہیں تو سویلین حکومت کس لئے بیٹھی ہے، جس طرح پٹرول کی قیمت بڑھائی گئی شک ہے اگلے 60یا 90دن میں الیکشن نہیں ہوں گے،سائفر کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں تین سیاسی لڑائیاں ہونی ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی لڑائی چھڑگئی ہے دو لڑائیاں باقی ہیں، اگلی پارلیمنٹ میں کسی کے پاس اکثریت نہیں ہوگی، آئندہ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر نواز شریف کم شہباز شریف زیادہ نظر آتے ہیں۔
وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پٹرول کی قیمت ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر اور عالمی قیمت سے منسلک ہے، پچھلے پندرہ دن میں عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت بڑھی اس سے بھی پٹرول کے نرخ میں اضافہ ہوا، روس سے تیل کی شپنگ، انشورنس اور ادائیگی کس طرح ہوگی یہ مسائل حل ہوچکے ہیں.
روس سے ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی شپمنٹ آئی ہے اگلے جہاز کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 9مئی کے نتائج دیکھ لئے اب بھی یہ فساد کی راہ دیکھتے ہیں یہ رویہ اچھا نہیں ہے، یہ آرمی چیف کی تعیناتی سے پہلے کہہ رہے تھے کہ تعیناتی متنازع کردیں گے،میں میڈیا پر عمران خان کا نام لے رہا ہوں کون کہتا ہے پابندی ہے، تحریک انصاف کے دور میں نواز شریف کے نام اور تصویر پر پابندی تھی، سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں معدنیات کے 6.1ٹریلین ڈالر مالیت کے ذخائر ہیں.
ملک میں صرف کوئلے کے ذخائر 3ٹریلین ڈالر کے ہیں،ہماری حکومت نے نہ کسی کو بے گناہ گرفتار کیا نہ کسی پر ہیروئن ڈالی۔رکن کمیٹی تحریک انصاف شعیب شاہین نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں بشمول پیپلز پارٹی میں کوئی فرق نہیں ہے، تمام قومی منصوبے آرمی چیف نے چلانے ہیں تو سویلین حکومت کس لئے بیٹھی ہے، باہر سے پیسے آرمی چیف نے لانے ہیں تو اقتدار باقاعدہ ان کے حوالے کردیں، میڈیا پر چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لینے ، خبر لگانے یا تصویر دکھانے پر پابندی لگادی گئی ہے۔