• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کراچی کے تاجروں کو یکساں قیمت پر بجلی یقینی بنائے گی، وزیراعظم

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کراچی کے تاجروں کو ایک قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی،اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام تاجر برادری کے ساتھ تعاون سے ان کے مسائل حل کریں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر طارق یوسف اور چیف ایگزیکٹیو ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری کو سہولت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی اور گیس کی منصفانہ تقسیم کیلئے آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت نے ملک میں مثبت کاروباری فضاء قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت نے دس ہزار میگا واٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں بیرونی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) سے ملک میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام تاجر برادری کے ساتھ تعاون سے ان کے مسائل حل کریں۔
اہم خبریں سے مزید