کراچی (نیوز ڈیسک) دفترخارجہ نے گزشتہ ماہ بلوچستان کے علاقے ژوب کینٹ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت افغانستان کے شہریوں کے طور پر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے، حملے میں ملوث 3دہشتگردوں کا تعلق قندھار سے ہے ، افغان سفارتخانے کو لاشیں وصول کرنے کی ہدایت کردی ۔
دفترخارجہ کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ ’12 جولائی کو ژوب کینٹ پر حملے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہو گئی ہے ، دہشت گردوں کا تعلق افغانستان کے صوبہ قندھار سے ہے‘۔ مزید بتایا گیا کہ ’دفتر خارجہ نے افغان سفارت خانے کو دہشت گردوں کی لاشیں وصول کرنے کی ہدایات دے دی ہیں‘۔
دفترخارجہ نے کہا کہ ’افغان دہشت گردوں کی پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں مسلسل ملوث ہونا اور پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کے استعمال پر اظہارِتشویش اور مذمت کی گئی ہے‘۔
یاد رہے کہ 9 جولائی کو ژوب میں واقع گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 فوجی جوان شہید اور جوابی کارروائی میں 5 دہشت مارے گئے تھے۔