• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماریہ احمد

خواتین اپنے حُسن کو دو چند کرنے کے لیےطرح طرح کی چیزیں استعمال کرتی ہیں۔ غالبا ً اس کا علم نہیں کہ نباتاتی اشیاء میں حُسن کاخزانہ چھپا ہوا ہے۔ان اشیاء میں ایسے عناصر ہیں، جو حیران کن حد تک جلد کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔ پودوں اور جڑی بوٹیوں سے حاصل ہونے والے تیل اور دیگر اشیاء بھی عام کاسمیٹکس کی مصنوعات ہی کی طرح مفید ہیں۔ کچھ جلدکی صحت وصفائی کی ضامن اورکچھ جلد کے مساموں کے لیے مفید ہیں۔ فطری اجزاء کسی بھی قسم کے منفی اثرات کی روک تھام اور تحفظ کے لیے اہم کام انجام دیتے ہیں ۔مختصر اًیہ کہ نباتاتی کاسمیٹکس بالوں اور جلد کی صحت کو قائم رکھنے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔

صندل کی لکڑی، خوشبو دار یوکلپٹس ،کافور اور گائوچشم یا پہاڑی تمباکو جراثیم کو مارتے اور جلد کو نرم وملائم کرتے ہیں۔ ان کا استعمال عام طور پر کریموں اور مر ہموں میں کیا جاتا ہے ۔ یہ جلد کی سوزش یا ورم کے خاتمے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صندل کی لکڑی کی کریمیں دھوپ کی تمازت، دانے، دنبل اور پھنسیوں وغیرہ سے محفوظ رکھتی ہیں۔

کئی نباتاتی اجزاء کی مالش جلد کے لیے خوراک کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ مثلاً : بندگوبھی، گاجر، بادام ،کھجور، خوبانی وغیرہ صحت و تندرستی کو بر قرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے ان قدرتی تحائف سے کریمیں اور لوشن بنائے جاتے ہیں ،جو جلد کو نرم وملائم اور چمکدار بناتےہیں ۔کئی نباتاتی مصنوعات ناصرف بہترین موئسچرائزر ہیں بلکہ جلد پر موجود نمی کاتحفظ بھی کرتی ہیں۔

سخت کلینزر کا استعمال قدرتی ایسڈا لکالائن میں خلل پیدا کرتا ہے ،جس سے جلد کی رطوبتیں زائل ہوجاتی ہیں۔ نباتات سےحاصل کیے جانے والے مرکبات جیسے ہلدی، مہندی ،ریٹھا اور لیموں وغیرہ انتہائی طاقتور ،مفید اور پر اثر ہیں۔ علاوہ ازیں یہ جلد میں ہونے والے مختلف عوامل کو غیر متوازن ہونے سے روکتے اور ان کے لیے صحیح سمت کا تعین کرتے ہیں۔

عرق گلاب کوچکنی جلد کے محافظ ٹانک میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس میں رنگت نکھارے کے خواص موجود ہیں۔ قدرت نے انسان کے اندرونی وبیرونی نظام کے تحفظ کے لیے نباتات اور جڑی بوٹیوں کی شکل میں جو نعمتیں عطا کی ہیں۔ ان سے ہر دور میں استفادہ کیا جاتا رہا ہے۔

آج کل ان کو بڑی کامیابی سے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر جلد اور بالوں کی حفاظت اور خوبصورتی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ طبی خواص کے علاوہ پھولوں، سبزیوں اور دیگر نباتات وجڑی بوٹیوں سے خالص اور فطری کاسمیٹکس کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ذیل میں چند اجزا ء کی خصوصیات کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

……لیموں ……

اپنے دن کا آغاز لیموں کے رس سے کریں۔ نصف لیموں سنگترے کے جوس میں ملا کر پئیں۔ ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کارس نچوڑیں اور اس میں شہد ملا کر پئیں یہ آمیزہ نہار منہ چائے پینے والی خواتین کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ گرم پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے جلداور آنکھوں میں چمک پیدا ہوتی ہے۔ لیموں وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ 

جلد سے پھوڑے، پھنسیوں ،داغ دھبوں کا خاتمہ کرتا ہے۔ یہ رنگت نکھارنے میں بلیچ کا کام دیتا ہے۔ لیموں پر چینی رکھ کر اسے جلد پراس حدتک رگڑیں کہ چینی مکس ہوجائے، بعدازاں جلد کو دھولیں۔ یہ عمل ایک ماہ تک روزانہ کریں، جلد نکھری نکھری ہوجائے گی۔

……بادام ……

کاسمیٹکس کی دنیا میں بادام کو ایک مفید قدرتی عنصر سمجھا جاتا ہے ۔یہ جلد کو دلکش ،چمکدار اور شفاف بناتا ہے۔ اس کے اندر جلد کو ڈھلکنے سے روکنے کی صلاحیت ہے ۔چہرے کی حفاظت کرنے والی کریموں میں اس کا استعمال ایک اہم جزو ہے۔

خصوصاً آنکھوں کے گردکی نازک جلد کی حفاظت کے لیے تیار ہونے والی کریموں میں بادام کا استعمال لازمی کیا جاتاہے ۔آنکھوں کے گرد موجود حلقوں کو ختم کرنے کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ تین چار بادام کھائیں۔ اسے پیس کر چہرے پر لگائیں۔ دودھ میں ملا کر پئیں، پھر دیکھیں کیسے لگتے ہیں حُسن کو چار چاند۔

……خوبانی ……

اس میں وٹامن اے ہوتاہے ،جو جلد کو تر وتازہ رکھتاہے۔ اس کے اندر تیزی سے عمل کرنے والے روغنیات پائے جاتے ہیں، جوجلد کو بہت فائدہ پہنچاتے ہیں۔ جھریاں ختم کر کے جلد کو شاداب اورحسن کو دوبالا کرتی ہے۔ اسے کریموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا ماسک چہرے کے لیے بہت مفید ہے۔