کراچی(اسٹاف رپورٹر)اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت سیکیورٹی کلیرینس سے مشروط ہوگی حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے۔امکان ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی وفدا گست کے تیسرے ہفتے میں بھارت کا دورہ کریگا۔آئی سی سی اور بھارتی حکومت سے مشاورت کے بعد وفد کے دورے کی تاریخیں طے ہوں گی۔جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اجلاس کی صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء،وزارت خارجہ اور داخلہ کے حکام کے علاوہ اینٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام نے بھی شرکت کی مختلف اداروں نے پاکستان کی شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں طے ہو ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت میں سیکیورٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ سیکیورٹی یقین دہانی ملنے پر ٹیم بھارت جائے گی۔چیئرمین ذکا اشرف حکومت کے تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے۔حکومتی کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں اکثریت نے ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے بھارت بھیجنے پر اتفاق کیا تاہم ٹیم کی بھارت روانگی سے قبل میزبان ملک سے سیکورٹی ضمانت حاصل کی جائیگی۔ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم سے قبل ایک وفد بھارت بھیجنے پر بھی غور کیا گیاپاکستان کرکٹ ٹیم کو اس سال اکتوبر نومبر میں بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرنا ہے، پی سی بی نے بھارت روانگی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف سے رائے لی تھی جس پر وزیر اعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی۔