• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ایران میں 5 سالہ اسٹرٹیجک تجارتی معاہدہ

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تجارت کے لئے 5 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کرتے ہوئے تعاون کو بڑھانے کے لئے 5 سالہ سٹرٹیجک تجارتی معاہدہ کرلیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یہاں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تجارت 5ارب ڈالر تک بڑھے گی، گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، ایران، چین اور پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری منصوبہ ہونا چاہئے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید تعاون مستحکم کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی سٹرٹیجک تعلقات ہیں، ایرانی ہم منصب کے ساتھ مختلف معاملات پر مفید بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، توانائی اور آرٹ میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے متعدد تجاویز زیر غور ہیں، ہم نے 2023سے 2028 تک کے لئے باہمی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دی ہے، معاہدے سے باہمی تجارت 5 ارب ڈالرز تک بڑھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آج ہم جو اقدامات کر رہے ہیں وہ دونوں ممالک کے درمیان آنے والے مہینوں اور سالوں میں طویل المدتی پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے اس سال کے آخر تک باقی پانچ سرحدی منڈیوں کو فعال بنانے کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ دونوں ممالک ماہی گیروں کی رہائی اور ان کے جہازوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید