اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت سے محمدمدثر ٹیپو کو ایران میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کیا ہے۔ محمد مدثر ٹیپو نے جمعرات 3اگست کو ایوان صدر جا کر صدر عارف علوی سے خیرسگالی کی ملاقات کی جس کے دوران صدر عارف علوی نے اُنہیں کہا کہ ایران اور پاکستان ہمسایہ ہی نہیں برادر ملک ہیں ‘ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔دونوں ملکوں کی ثقافت و مذہب یکساں ہیں۔ صدر عارف علوی نے تہران جانے والے پاکستان کے نئے سفیر محمد مدثر ٹیپو سے دوران گفتگو کہا کہ اُنکی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ دو برادر ملکوں کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنائیں‘ تجارت‘ معیشت‘ ثقافت اور پیپلز ٹو پیپلز رشتوں کو فروغ دیں۔ صدر عارف علوی نے علاقائی تناظر میں کہا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے نتیجے میں وہاں کے عوام بے یارو مددگاری کی کیفیت میں ہیں‘اُنکی حالت زار سے ایرانی عوام کو کماحقہ آگاہ کریں۔ صدر علوی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کی ہے۔ نامزد سفیر محمد مدثر ٹیپو نے صدر پاکستان کی ہدایات پر صدق دل سے عمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ پاکستان کی دوستی‘ بھائی چارہ‘ معاشی‘ تجارتی‘ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔