اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل روکنے کی پاکستان تحر یک انصاف کے چیئرمین، ملزم عمران خان کی اپیل واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے مقدمہ کو کسی دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کی درخواست پر حتمی فیصلے کے اجراء تک ٹرائل کورٹ اس کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی ہے ، جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی جسٹس یحیٰ آفریدی نے عمران خان کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ نے آپ کو کوئی عبوری ریلیف دیا ہے؟ جس پر فاضل وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے عبوری حکم جاری نہیں کیا ہے لیکن ہماری درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو کہ ممکنہ طور پر آج سنایا جائے گا، فاضل وکیل نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ اس معاملہ میں اپنا فیصلہ جاری کرے، دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ضابطہ فوجداری کی شق 526 کی ذیلی شق 8 کے تحت جب تک مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ نہ ہوجائے اس وقت تک ٹرائل کورٹ حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی ہے۔