پشاور(جنگ نیوز) یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ پولیس آفس خیبر میں تھیلی سیمیا ، ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو انتقال خون کی فراہمی کے لئے عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پولیس کے جوانوں نے انتہائی جوش و جذبے سے خون کے ضرورت مند مریضوں کےلئے خون عطیہ کیا، اس موقع پرڈسٹرک پولیس آفیسر خیبر سلیم عباس کلاچی ، ایڈمنسٹریٹر فرنٹیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر فخر زمان ، پولیس آفیسرز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، اس موقع پر ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی نے شہداءپولیس اور ان کے لواحقین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نہ صرف عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتی بلکہ تھیلی سیمیا کے مریض بچوں کیلئے عطیات خون کے ذریعے ان کی جان بچانے میں بھی کسی سے پیچھے رہی ہے نہ رہیں گی، انہوں نے خیبرپولیس کے تمام شہداءاور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر فرنٹیئرفاؤنڈیشن ڈاکٹر فخر زمان نے ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی، رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداءنے عوام کے کل کیلئے اپنا آج قربان کرنے سے دریغ نہیں کیاہم ان کے مقروض رہیں گے، انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ امراض خون میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جس کے لئے ہم خیبرپختونخوا پولیس فورس کے سپاس گزار ہیں۔