کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)محکمہ پولیس نے حکومت بلوچستان کی منظوری کے بعد گیس چوری اور واجبات کے حوالے سے مقدمات کے اندراج کے لئے سوئی سدرن گیس تھانہ قائم کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے حکومت بلوچستان کو سمری ارسال کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے کو گیس چوری کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا کوئی تھانہ نہیں جس میں چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سوئی سدرن گیس کمپنی تھانہ بنانے کی منظوری دیدی جس کے بعد ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے فوری اقدامات کرتے ہوئے سول لائن پولیس اسٹیشن میں سوئی سدرن گیس تھانہ قائم کردیا۔ سب انسپکٹر یاسر شہزاد کو ایس ایچ او تعینات کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل سمیت تین اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے تھانے کے لئے 25اہلکاروں پر مشتمل نفری کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ تھانہ صوبائی دارالحکومت میں جہاں بھی گیس چوری کا واقعہ ہوگا کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا، تھانے کا باقاعدہ افتتاح 10 اگست کو آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کرینگے۔ واضح رہے کہ اس نوعیت کا تھانہ کراچی میں بھی قائم ہے۔