کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے سابق ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی چوری ثابت ہوگئی ،عدلیہ کے فیصلے کے بعد اب کی سیاست ختم ہوگئی ، عدلیہ کے فیصلے کاخیر مقدم کر تے ہیں ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ بلو چستان کی سابق کوارڈینیٹر شانیہ خان اور شبیر بائیان کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے سچ پر مبنی فیصلہ دیا جس کے بعدپاکستان کے مشہور ٹک ٹاکر عمران خان اپنے انجام کو پہنچ گئے الیکشن کمیشن سے بھی جلد تحریک انصاف کے چیئرمین کی سیاست دفن ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے ملک میں جو سیاست کی اس سے بدنظمی پیدا ہوئی، انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر ملک کو نقصان پہنچایا ، مزید سیاست ان کے بس کی بات نہیں ۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے پورے قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہر شخص یہ مطالبہ کررہا ہے کہ 9 مئی کے واقعہ میں جو بھی ملوث تھے ان کو سزادی جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سابق کوارڈینیٹر شانیہ خان نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی چوری اور انکا چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے، انہوں نے روز اول سے ملک کے نوجوانوں کے جزبات کے ساتھ کھیلا 9مئی کے واقعات ناقابل برادشت تھے۔اس موقع پر شبیر بائیان نے کہا کہ سابق دور حکومت میں یوتھ کے نام پر یوتھ کو یر غمال بنایا جارہا تھا۔