کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز میں 60سے بھی کم دن رہ گئے ہیں۔ لیکن ذرائع کے مطابق سیکیورٹی معاملات کی بنیاد پر بی سی سی آئی شیڈولنگ کے مسائل کا شکار ہے۔ آئی سی سی کمرشل ڈپارٹمنٹ بھارت نیوزی لینڈ میچ دھرم شالہ میں کروانے پر ناخوش ہے۔ پی سی کو توقع ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ورلڈکپ شیڈولنگ کے معاملات پر بعض بورڈز بی سی سی آئی سے خوش نہیں۔ بار بار تبدیلی کی باتوں پر آئی سی سی بھی پریشان ہے، حتمی شیڈول بھی اب تک طے نہیں ہوا۔ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انٹرنیشنل شائقین کو مشکلات ہیں۔ حکومت پاکستان ، بھارت میں کھلاڑیوں کی سلامتی کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ آئی سی سی اس سلسلے میں بھارتی حکومت سے یقین دہانی حاصل کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرے گی۔ پی سی بی کو ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ اس سلسلے میں تحریری ضمانت لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے اعلامیے میں پاکستان ٹیم کی بھارت میں سیکورٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ،اس وجہ سے حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو بھارت میں اسٹیٹ سطح کی سکیورٹی درکار ہوگی، پی سی بی حکومت پاکستان سے ہدایات لے کر آئی سی سی سے رابطہ کرے گا۔ پاکستان کے سکیورٹی وفد کے اگست کے اواخر یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھارت جانے کے امکانات ہیں ۔ پاکستان کو احمد آباد اور کولکتہ کے میچز کی تاریخیں سیکورٹی کی بنیاد پر تبدیل کرنے پر تحفظات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے گروپ میچ احمد آباد میں کھیلنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ صحافی اور تماشائیوں کیلئے بھی بھارتی حکومت کی پالیسی سامنے نہیں آسکی ہے۔ ٹکٹس کی فروخت کا عمل بھی تاحال شروع نہیں ہوا۔