کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو فوری طور پر تبدیل نہ کرنے کا اعلان کیا لیکن نجم سیٹھی دور میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے والے نیوزی لینڈ کے مارک کولز نے نئی انتظامیہ کے آتے ہی ذمے داریاں سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔وہ دوسری مدت میں صرف چار ماہ پاکستانی خواتین کے ساتھ کام کرسکے۔پی سی بی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ مارک کولز عہدے سے دستبرادر ہوگئے۔انہوں نے نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دیاہے وہ جنوبی افریقاکے خلاف ستمبر میں ہونے والی وائٹ بال سیریز میں پاکستان ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔مارک کولز کو رواں سال اپریل میں ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ مارک2017سے2019تک پہلی مدت میں بھی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ان کے متبادل کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مارک کولز کے اپنی مدت میں بھی چیف سلیکٹر جلال الدین سے اختلافات رہے تھے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ان کے کھلاڑیوں کے ساتھ اختلافات پیدا ہوگئے تھے جوان کے رویئے سے ناخوش تھیں، انکے خلاف شکایات پر پی سی بی نے ان سے استعفی لیا ہے۔