اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ عوامی صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے ، عمران خان کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین تحریک انصاف کو دوران قید مسلسل انتقام اور بد سلوکی کا نشانہ بنانے ، خلاف قواعد اٹک جیل میں قید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چیئرمین عمران خان کے خلاف جاری انتقامی سلسلے پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے ، چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو فراہمی انصاف میں تاخیر کے ذریعے قوم کو احتجاج پر نہ ابھارا جائے اور عمران خان کو فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے ۔