• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم، BAP سے تعلق، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر راجہ رایاض نے نام پر اتفاق کیا، صدر نے تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم مقرر کردیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما کے نام پر اتفاق ہوا جسکے بعد صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری دیدی، انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیراعظم ہونگے، نگران وزیر اعظم نے 14اگست (پیر) کے روز حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے ، ان کو وزیر اعظم کی سیکورٹی فراہم کر دی گئی جبکہ شہباز شریف نے وزیراعظم ہائوس خالی کر دیا ہے، آج گارڈ آف آنر دیا جائیگا، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں گزشتہ روز نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا جسکے بعد وزیراعظم شہباز شریف لاہور آگئے۔راجہ ریاض نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے دیا تھاجبکہ شہباز شریف نے کہا کہ مشاورت میں تعاون،بہترین اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنے پر آپ کا مشکور ہوں، وزیراعظم شہباز شریف اور میرے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردیئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کے فیصلے پر دستخط کے بعد سمری منظوری کیلئے صدر مملکت کو بھجوادی۔ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہےکہ صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کیلئے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیئے ہیں۔ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری آئین کےآرٹیکل 224 ایک اےکے تحت دی ہے۔ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم کی سکیورٹی دیدی گئی ہے۔ادھرنامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے نامزد کرنے پر شہباز شریف اور راجہ ریاض کا شکر گزار ہوں ، اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دوں گا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے قوم کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ ایک بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں اُن سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر رب کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے مجھے پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دعاؤ ں کا طلب گار ہوں، اللہ پاک مجھے باعزت طریقے سے قومی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا کریں۔ دریں اثناء نگران وزیراعظم کی تقرری کے بعد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور اپنا ذاتی سامان لے گئے۔شہبازشریف نے جانے سے پہلے وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے الوداعی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف کو کل (اتوار) کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید