کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے میرے دیئے ہوئے نام پر کوئی اعتراض نہیں کیا،وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا تو بھی انوار الحق کاکڑ ہی نگراں وزیراعظم بنتے،پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو انوار الحق کاکڑ کے نام پر کوئی اعتراض یا تحفظات نہیں ہیں۔ سابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا کہ شاہ محمود قریشی پہلے اپنی پوزیشن واضح کریں پھر میرے بارے میں سوال کریں، شاہ محمود قریشی سوفیصد معاہدے کے تحت جیل سے باہر آئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے لوگ جیل میں ہیں یا بھاگے ہوئے ہیں، شاہ محمود قریشی کا معاہدہ ہوا ہے وہ پی ٹی آئی کیلئے کام نہیں کریں گے اور عمران خان کو مائنس کریں گے، میں نے عمران خان کے بار ے میں جو کہا وہ سچ ثابت ہوا ہے، پیرنی کی ڈائری سامنے آنے کے بعد کوئی شک نہیں رہ گیا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ الیکشن انشاء اللہ فروری 2024ء میں ہوں گے، الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوگی یا تحریک انصاف ہوگی اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ نگراں وزیراعظم کیلئے انوار الحق کاکڑ کا نام پرسوں وزیراعظم کو دیا تھا،وزیراعظم سے طے ہوا تھا جب تک نگراں وزیراعظم کا نام فائنل نہیں ہوتا سامنے نہیں لایا جائے گا، اسی کمٹمنٹ کے تحت وزیراعظم اور میں نے کوئی نام نہیں بتایا، وزیراعظم سے پہلی میٹنگ میں انہوں نے مجھے اپنے نام میں نے انہیں اپنے نام دیئے تھے، وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت کروں گا، وزیراعظم نے دوسری ملاقات میں پوچھا آپ نے تین نام دیئے ہیں نمبر ون کون سا ہے، میں نے کہا انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے ہیں اچھے آدمی ہیں، شہباز شریف کو سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا نام دیا تو وہ فوراً مان گئے، وزیراعظم نے میرے دیئے ہوئے نام پر کوئی اعتراض نہیں کیا،وزیراعظم کے ساتھ طے ہوا ہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے دیگر پانچ لوگوں کے نام سامنے نہیں لائے جائیں گے، وزیراعظم مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں، ہم نے چیئرمین نیب کو لگایا تب بھی نام سامنے نہیں لایا تھا، میڈیا چار دن مجھ سے نگراں وزیراعظم کا نام پوچھتا رہا مگر میں نے جو وعدہ کیا تھا پورا کیا، نگراں وزیراعظم کیلئے دیئے گئے ناموں میں انوار الحق کاکڑ کے علاوہ بھی سیاسی نام تھے، نگراں وزیراعظم کی لسٹ میں ایسا نام بھی تھا جو معاشی معاملات دیکھ سکے، ہوسکتا ہے کہ معاشی ماہرین نگراں کابینہ کا حصہ ہوں،میرا خیال ہے کہ نگراں وزیرخزانہ ٹیکنوکریٹ اور معاشی ماہر ہوں گے، نگراں وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں تھا، ن لیگ نے پہلے کہہ دیا تھا اسحاق ڈار کا نام میڈیا نے چلایا وہ دلچسپی نہیں رکھتے، انوار الحق کاکڑ کا نام چھوٹے صوبے سے تعلق ہونے کی وجہ سے تجویز کیا، انوار الحق کاکڑ کے ساتھ پچھلے دو ڈھائی سال سے اچھی دوستی ہے، نگراں وزیراعظم بلوچستان کا بننے سے چاروں اکائیوں میں غلط فہمیاں دور ہوں گی۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی پہلے اپنی پوزیشن واضح کریں پھر میرے بارے میں سوال کریں، شاہ محمود قریشی سوفیصد معاہدے کے تحت جیل سے باہر آئے ہیں۔