اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ بدعنوانی کیس میں سزا یافتہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی، سہولیات اور وکلاء سے ملاقات کی درخواست پرسماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت سے جاری تحریری حکمنامہ میں عدالت نے جیل حکام کو رولز کے مطابق وکلا ء، خاندان کے افراد سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست گزار کو جائے نماز اور قرآن پاک کا انگلش ترجمہ بھی فراہم کیاجائے،گھر کے کھانے سے متعلق استدعا پر عدالت نے آئندہ سماعت پر حکومت سے عمرا ن خان کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے درخوست گزار کو کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا ہے کیا اسے گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا نہیں ۔