اسلام آباد(محمد صالح ظافر)نوازشریف اسلام آباد میں اتریں گے،وہ بذریعہ موٹروے لاہورجائیں گے،وطن واپسی پر وہ متحدہ عرب امارات میں مختصر قیام کرسکیں گے.
مسلم لیگ نون لاہور میں اپنا مرکزی انتخابی دفتر بنائے گی،شہبازشریف اور مسلم لیگ نون کے متعدد رہنما عازم لندن ہو رہے ہیں،یوم آزادی پر پرچم کشائی کے بعد شہباز شریف سبکدوش ہو جائیں گے.
وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے عازم لندن ہوں گے جہاں وہ اپنی جماعت کے قائد نوازشریف سے پیش آمدہ سیاسی صورتحال کےبارے میں تفصیلی مشاورت کریں گے اوران سے ہدایات حا صل کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے بعض سرکردہ رہنما بھی لند ن سے اس سفر میں ان کے ہمرکاب ہوں گے حد درجہ قابل اعتماد سیاسی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دورے میں نوازشریف کی وطن واپسی کا نظام الاوقات طے کیاجائے گا .
شہبازشریف جو پاکستان مسلم لیگ نون کے صدرہیں اوائل ہفتہ اعلان کرچکے ہیں کہ نوازشریف آئندہ ماہ وطن واپس آجائیں گے ہفتے کی صبح سینئر صحافیوں کے اعزاز میں ناشتے کے دورا ن بھی انہوں نے اس کا اعادہ کیا ہے
برطانیہ کے اس دورے میں ان کی علیل اہلیہ بھی ان کے ساتھ سفر کرسکتی ہیں بشرطیکہ ان کے معالجین نے انہیں سفر کی اجازت دی وہ لندن میں اپنا طبی معائنہ کرائیں گی باورکیا جاتا ہے کہ شہباز شریف لندن میں زیادہ دنوں کے لئے قیام کرسکتے ہیں وہ وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریوں سے فراغت کے بعد آرام کرنے کے خواہاں ہیں وزیراعظم شہباز شریف رسمی طورپر وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریوں سے کل (پیر) یوم پاکستان کی سہ پہر سبکدوش ہو ں گے جب ان کے جانشین سینیٹر انوارالحق کاکڑ اس منصب کا حلف اٹھائیں گے۔
شہباز شریف دو دن بہت مصروف گزاریں گے۔ وہ یوم آزادی کو پرچم کشائی کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے اور بعدازاں اسی دن ایوان وزیراعظم میں الوداعی گارڈ آف آنر سے سلامی لیں گے اور اسلام آباد سے رخصت ہو جائیں گے۔
نگران وزیراعظم اسی سہ پہر ایوان صدر میں اپنے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد جب ایوان وزیراعظم آئیں گے تو انہیں خیرمقدمی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ خزانے و محصولات کے سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد اسحاق ڈار جو گزشتہ ستمبر سے ایوان وزیراعظم میں سکونت پذیر ہیں اب منسٹرانکلیو میں منتقل ہو جائیں گے وہ سینیٹ میں قائد ایوان ہیں اور اس حیثیت میں انہیں وفاقی وزیرکے مساوی مراعات حاصل تھیں شہبازشریف کی عدم موجودگی میں جماعت کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز شریف انتخابی مہم کی شروعات کریں گی فی الوقت ان کی تمام توجہ نواز شریف کی وطن واپسی پران کے شایان شان خیرمقدم کرنے پرمرتکز ہے ۔
ذرائع نے بتایاہے کہ اس امرکاکوئی امکان نہیں کہ نوازشریف کی وطن واپسی میں کوئی تاخیر رونما ہوسکے۔
اس امرکا اشارہ دیا گیاہے کہ نوازشریف وطن واپسی کے سفرمیں متحدہو عرب امارات میں مختصر قیام کرسکتے ہیں انہیں تجویز دی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد کے ہوائی اڈے پراتریں گے اوریہاں سے وہ جی ٹی روڈ کے راستے لاہور کا سفر اختیار کریں گے۔