• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر، چینی انجینئرز پر حملہ ناکام، باجوڑ میں فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

گوادر / باجوڑ ( نیوز ایجنسیز / نمائندگان جنگ) گوادر میں چینی انجینئرز پر دہشت گردوں کے ناکام حملے اور باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی انٹیلی بیسڈ کارروائی میں 6؍ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک فوجی جوان بھی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر حملے میں دہشت گردوں نے چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں کا استعمال کیا۔ باجوڑ کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ ، اسلحہ اور بارود آمد ہوا ۔ چینی قونصل خانے نے گوادر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قافلے میں ہمارے ورکرز بھی موجود تھے ۔ قونصل خانے نےمطالبہ کیا کہ چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئےکہا کہ مجید بریگیڈ نے چینی انجینئرز کے قابلے کو نشانہ بنایا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے گوادر حملے کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق باجوڑ میں کامیاب آپریشن 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب کو کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میںدہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا۔اس میں مزید کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 24سالہ سپاہی محمد شعیب نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

اہم خبریں سے مزید