اسلام آباد(ایجنسیاں)انوار الحق کاکڑ نے ملک کے نگراں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔ حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم شہباز شریف‘ چیئرمین سینیٹ‘ اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد ‘ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان ‘صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلی‘سابق وفاقی وزراء‘سیاسی رہنماؤں‘ مختلف ملکوں کے سفیروں اوردیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس آمدپرشہباز شریف نے نگراں وزیر اعظم کا استقبال کیا۔نگراں اور سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی و معاشی صورت حال اور نگران کابینہ سے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ‘سبکدوش وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔نگراں وزیرِ اعظم نے سبکدوش وزیرِ اعظم کو رخصت کیا۔ بعد ازاں انوار الحق کاکڑ کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔علاوہ ازیں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارتِ عظمی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔وزیرِ اعظم نے تمام وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ طلب کرلی ۔