کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ہم بے پناہ قربانیوں کے بعد ایک عظیم ملک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ہم سب کو اپنے اپنے شعبوں میں بانی پاکستان کے زریں اصول کام، کام اورصرف کام پر سختی سے عمل پیراہوکر ملک کو مستحکم اورخوشحال بنانے کاعظیم مقصد حاصل کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال کاسی، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان و دیگر نے جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل، جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ سمیت صوبائی ، ضلعی، ونگزکے رہنماوکارکن کثیر تعداد میں موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ اس ملک اور صوبےکی ترقی و خوشحالی کے لئے باہمی بھائی چارے اوراتحادکے ساتھ اپنا موثر کردارایمانداری اور فرض شناسی سے اداکریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن پاکستان کی خالق جماعت ہے جس نے اپنے ہر دور حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اور عوام کی خوشحالی کیلئے اقدامات کئے۔ خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔