اسلام آباد (صالح ظافر)پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہوگئے ہیں جیساکہ ان کے رہنماؤں کی جانب سے ان کے یوم آزادی پر رسمی مبارک باد کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔ امن کے دور میں پہلی بار ایسا ہوا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شہباز شریف حکومت کو پیر کو پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی جانب سے مبارکباد کا پیغام موصول نہیں ہوا جو کہ دفتر میں پاکستان کے وزیراعظم کا آخری دن تھا۔ اسی دن انور کاکڑ نے اقتدار سنبھالا اور منگل کو بھارت کا یوم آزادی تھا۔ کاکڑ نے بھی بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا اور نئی دہلی کو مبارکباد کے جذبات نہ پہنچانے کا انتخاب کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے ایک اور خوش اخلاقی غائب ہے اور یہ ایک وزیر اعظم کی جانب سے دوسرے کو مبارک باد دینے کے بارے میں ہے جو روایتی خیر سگالی کے ساتھ عہدہ سنبھالتا ہے۔ اس کی بھی کمی ہے کیونکہ کاکڑ کا دفتر میں دوسرا دن تھا۔