• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم سے سعودی اور اماراتی سفیر کی ملاقات، مبارکباد پیش کی

اسلام آباد (صالح ظافر) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سفیر وفاقی دارالحکومت میں تعینات پہلے غیر ملکی سفیر ہیں جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ نگران وزیراعظم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی اور بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کی بنیاد رکھے گی۔ یہ کونسل شہباز شریف کی سابق حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے تشکیل دی تھی جنہوں نے اس کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دوست ممالک کے سفیروں نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الذبی نے علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور جے ایس سلمان شریف بھی موجود تھے۔ سیکرٹری خارجہ اپنی ملازمت کے آخری دن دفتر میں رہے کیونکہ وہ بدھ کو ریٹائر ہوئے۔ سعودی سفیر کے ساتھ ملاقات میں نئے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر سائرس قاضی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کر دہ بیان کے مطابق سعودی سفیر نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم الحرمین الشریفین، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کیلئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
اہم خبریں سے مزید