کراچی (اسٹاف رپورٹر) چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے واضح طور پر کہا ہے کہ چین پاکستان دوستی اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔چین پُر اعتماد ہے اور تمام مشکلات، چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت رکھتاہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں اور طویل مدت تک قائم ودائم رہے۔ پی سی ڈی ایم اےکی جانب سے جاری پریس ریلز کے مطابق یہ بات انہوں نے چینی قونصلیٹ میں پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے 51 رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔چینی قونصل جنرل نے چیف ایڈوائزر پی سی ڈی ایم اے عارف بالگام والا کو چین اور پاکستان کی دوستی اور تعاون کے فروغ میںشاندار تعاون پر شیلڈ پیش کی جبکہ چین کے ساتھ تجارت کرنے والے تاجروں، درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔