• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ : صحافی کے قتل اورحملوں کیخلاف بی یو جے کااحتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر سکھر میں سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل ، خضدار میں صحافیوں پر قاتلانہ حملے کے خلاف جمعرات کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے ۔ مظاہرے سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدرعرفان سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو جے نے آزادی صحافت کا علم بلند کیا اور آج بھی ہم اپنے اکابرین کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ، آج پورے ملک میں صحافی برادری جان محمد مہر کے قتل ، خضدارمیں صدیق مینگل اور محمد خان ساسولی پر فائرنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے عہدیدار کو قتل کردیا گیا جبکہ پولیس نے صرف خانہ پوری کیلئے صرف دو مشکوک افراد کو گرفتار کیا ، پہلے بلوچستان میں صحافیوں کی زندگیاں محفوظ نہیں تھیں مگریہ سلسلہ ملکی سطح پر پھیل رہا ہے ، بلوچستان میں صحافیوں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ، حال ہی میں خضدار میں سنیئر صحافی صدیق مینگل اور محمد خان ساسولی پرحملہ کیا گیا ، کمشنر سے رابطہ کرکے انہیں آگاہ کیا کہ خضدارمیں صحافیوں کو نشانہ بناکر ایک مرتبہ پھر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، خضدار میں صحافیوں کی بڑی تعداد شہید ہوئی ہے بڑی تعداد میں صحافیوں کو وہاں سے نقل مکانی کرنی پڑی جبکہ پریس کلب کو تالے لگ گئے ، بی یو جے نے جدوجہد کرکے پریس کلب کھلوایا ، انہوں نے کہا کہ حکومت جو آزادی صحافت کا علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتی ہے وہ اپنے اس دعوے کو حقیقی ثابت کرکے صحافیوں کے قاتلوں اور صحافیوں پر حملے کرنے والوں کو گرفتارکرے ، ہمارا احتجاج جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سندھ اور بلوچستان حکومت ملزمان کو گرفتارنہیں کرتی ہیں ، صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے ۔
کوئٹہ سے مزید