• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادانہ، منصفانہ انتخابات کیلئے پوری تندہی سے کام کریں گے، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت پاکستان میں آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پوری تندہی سے کام کرے گی۔ گزشتہ روز انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کی جانب سے مبارکباد پران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں اور خطے میں اقتصادی خوشحالی،جمہوریت اور استحکام کے لئے مشترکہ عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔علاوہ ازیں نگران وزیرِاعظم سے گزشتہ روزچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صادق سنجرانی نے وزیرِ اعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا امید ہے نگران حکومت عوامی امنگوں کے مطابق نہ صرف الیکشن کمیشن کی صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت کرے گی بلکہ ملکی معاشی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نگران حکومت بھرپور کوشش کرے گی کہ اس مختصر عرصے میں عوامی نمائندوں کے اعتماد پر پورا اترے۔ ملاقات میں سینیٹر دنیش کمار بھی موجود تھے۔، دریںا ثنا بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے قائم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سے متعلق بریفنگ کے دوران نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیدوار کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، نگراں حکومت معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے سیکرٹری عملدرآمد جہانزیب خان اور سیکرٹری جمیل احمد قریشی نے بریفنگ میں شرکت کی۔ وزیرِ اعظم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار میں بیرونی سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو ایس آئی ایف سی کے تحت بیرونی سرمایہ بڑھانے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے حکومت کی حکمت عملی کے بارے بتایا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید