کراچی، ریاض (نیوز ڈیسک، شاہد نعیم ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امید ظاہر کی ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مملکت کا دورہ کریں گے۔سعودی وزیر خارجہ اپنے ایرانی ہم منصب کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر جمعرات کو ریاض میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تصدیق کی کہ صدر رئیسی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لئے ایک اہم لمحہ ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو ہی ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد مملکت کے پہلے سفارتی دورے پر ریاض پہنچے تھے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات کی۔