اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 22؍ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ، وہ اقوام متحدہ میں ہونے والی تین اہم عالمی کانفرنسوں میں بھی شرکت کریں گے جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور اُن کے حل کے بارے میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے بلائی گئی اہم سمٹ بھی شامل ہے۔انوار الحق کاکڑ پاکستان کی تاریخ کے پہلے نگراں وزیراعظم ہوں گے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ یہ بات ذمہ دار ذرائع نے نمائندہ جنگ کو بتائی، البتہ خطاب کے وقت کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے تاہم وزیراعظم کاکڑ کا خطاب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 22؍ستمبر کی صبح کے سیشن میں ہوگا۔ سابقہ ریکارڈ اور روایات کے مطابق پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ کی یہ کوشش ہوگی کہ وزیراعظم کا خطاب ایسے وقت پر ہو کہ پاکستانی قوم 22؍ستمبر کی شام کو پاکستانی میڈیا کی نشریات میں براہ راست دیکھ اور سن سکیں۔