وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) صدر آزاد کشمیر کے ایڈوائزر چوہدری حکمداد نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارلحق سے کہا ہے کہ وہ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا اپنا وعدہ پورا کریں ۔ چوہدری حکمداد نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر آزاد کشمیر ایک غریب اور پسماندہ خطہ ہے، جہاں عوام کے پاس کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے، نہ کوئی آمدنی ہے کہ وہ ضرورت سے زائد بجلی کے بلز اور اس پر ظالمانہ ٹیکس ادا کر سکیں ، عوام کا مطالبہ جائز ہے کہ اس وقت ضلع کوٹلی سمیت پورا آزاد کشمیر بجلی کے بلز، آٹا،و دیگر ضروریات زندگی سے محروم ہے، حکمراں اور حکومتی اداروں پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اخراجات کم اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں ۔ چوہدری حکمداد نے کہا پاکستان کی حکومت منگلہ ڈیم معاہدہ کے تحت آزاد کشمیر کے عوام کو مفت بجلی دے، یہ ان کا حق ہے، عوام کو سولر سسٹم دیئے جائیں ، چوہدری حکمداد نے کہا آزاد کشمیر کے عوام کو گیس، بجلی، ریلوے لائن ، ائر پورٹ کی سہولیات مہیا اور عوام کے اندر احساس محرومی کوختم کیا جائے ، چوہدری حکمداد نے کہا اوور سیز کشمیری آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کےساتھ مزاکرات کئے جائیں، کشمیری عوام کے ساتھ امتیاز ختم کیا جائے۔