اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے غیرمعمولی ٹویٹ کے بعد قوم شدید اضطراب و تشویش میں مبتلا ہے ، دھونس اور جبر کی بنیاد پر کسی کو معاملہ الجھانے یا ذمہ داروں کو بچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے.
سپریم کورٹ آئین و ریاست کے وسیع تر مفاد میں اس غیرمعمولی معاملے کو بلاتاخیر اٹھائے۔
پارٹی اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال ، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کے مسودہ جات پر صدر مملکت کی ٹویٹ کے بعد کی صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ صدر مملکت کے خلاف نفرت انگیز حکومتی پراپیگنڈہ صدر کو جھکانے اور حقائق کو دھندلانے کی کوشش ہے ، معاملے کی بھرپور پڑتال، حقائق کے تعین اور سربراہ ریاست کے منصب کو نیچا دکھانے والوں کا کڑا محاسبہ نہایت اہم ہے ، عدالت عظمیٰ آئین و ریاست کے وسیع تر مفاد میں اس غیرمعمولی معاملے کو بلاتاخیر اٹھائے۔