راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کیلئے31مارچ2022کی حدبندیوں کو بنیاد بنایا جائے گا۔نئی حلقہ بندیوں کیلئے شیڈول جار ی ہوگیا ۔راولپنڈی انتظامیہ سے 30اگست تک تمام ڈیٹا اور ریونیو نقشے طلب کرلئے گئے ہیں۔نئی حلقہ بندیوں کا کام 14 دسمبر2023تک مکمل کیا جانا ہے۔ذرائع کے مطابق17اگست سے ہر قسم کی ریونیو حد بندیوں میں تبدیلیوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔ نئی حلقہ بندیوں میں آبادی کا تناسب نئی مردم شماری سے لیا جائے گاجس کیلئے نئی مردم شماری کے مطابق بلاکس،چارج اور سرکلوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس ہوا جس میں مطلوبہ معلومات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی۔ 31مارچ2022کی حدبندیوں کو بنیاد بنانے کے باعث نئی حلقہ بندیوں میں مری اور تلہ گنگ کو بطور تحصیل شامل کیاجائےگا۔