• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف الیکشن کمشنر نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا، صدر مملکت کے خط پر غور کیا جائے گا

اسلام آباد ( طاہر خلیل/این این آئی )صدر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو خط کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس آج طلب کر لیا‘ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اجلاس میں صدر مملکت کے خط پر غور کرے گا۔ الیکشن کمیشن آج اپنے اجلاس میں الیکشن انعقاد سے متعلق صدر کے خط پرانتخابات کی تاریخ سے متعلق تمام آئینی اور قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے گا ،دریں اثناءالیکشن کمیشن نے انتخابی روڈمیپ پر مشاورت کاآغازکردیا‘ای سی پی نے سیاسی جماعتوں کی قیادت کے نام خط لکھ دیا جس میں انہیں ملاقات کی دعوت دی‘ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نام بھی خط لکھا جس میں کہا گیا کہ وہ خود یا اپنا نمائندہ آج دن دو بجے بھیجیں،، فضل الرحمان کو بھی چوبیس اگست (آج )کی شام تین بجے ملاقات کی دعوت دی گئی‘شہبازشریف کو خط لکھ کر مسلم لیگ کو پچیس اگست کو(کل ) دن گیارہ بجے مدعو کرلیا جبکہ آصف علی زرداری کوخط لکھ کر پیپلز پارٹی کی قیادت کو منگل 29اگست کو شام تین بجے ملاقات پر بلالیا۔ماہرین کے مطابق الیکشن کمیشن کے سامنے دو آپشنز ہیں‘ گزشتہ اسمبلی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے ذریعہ الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے اور الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ انتخابی شیڈول کو تبدیل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا تھا اس اختیار کے تحت الیکشن کی تاریخ مقررکرنا کمیشن کا قانونی اختیار ہے ‘دوسرا آپشن یہ ہے کہ وہ صدر کے خط کو درست تسلیم کرے اور صدر کی مشاورت سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دے۔

اہم خبریں سے مزید