شنکیاری، کراچی،( کوثر سلیم بنگش ، مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع بٹگرام کے علاقے پاشتو الائی میں ریسکیو آپریشن کرنے والے مشن امپاسیبل کے ہیرو صاحب خان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے تمام بچوں کو با حفاظت بچایا تو وہاں موجود لوگوں نے ہمیں چوم لیا.
زپ ایکسپرٹ علی سواتی اور محمد الیاس نے کہا کہ تما م آپریشن فوج کی نگرانی میں مکمل کیا، زپ ایکسپرٹ ہونے کی وجہ سے آرمی نے ہماری خدمات حاصل کیں۔
ملکی وغیرملکی میڈیا کو دیئے گئے مختلف انٹرویوز میں صاحب خان نے کہا کہ وہاں موجود لوگوں نے ہماری ٹیم کو نقد انعام بھی دیا اور انہیں خوب سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں ہیلی کاپٹرز ریسکیو میں مصروف رہے اور ہمیں ریسکیو کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ، ایک بچے کو ہیلی کاپٹر سے بچالیا گیا تھا اور جب شام ہوگئی تو ہم سے کہا گیا کہ جو آپ سے ہوسکے وہ آپ کرلیں ، اس کے بعد ہم نے اپنا آپریشن شروع کیا اور ڈولی میں موجود تمام 7افراد کو بچالیا
صاحب خان نے بتایا کہ حالیہ آپریشن اس قدر مشکل تھا کہ کسی بھی ایک ٹیم کےلئے اسے اکیلے سرانجام انجام دینا آسان نہ ہوتا۔’پاکستان آرمی کے اہلکار مسلسل ہمارے ساتھ مصروف تھے، انہوں نے ہمیں ضروری سامان بھی فراہم کیا، رسیاں دیں اور آخر تک موجود رہے۔ یہ ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن تھا جس میں الخدمت، ریسکیو 1122 سمیت مقامی لوگوں نے ساتھ دیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرے پاس سارا سامان موجود تھا، میری ٹیم میرے ہمراہ تھی لیکن ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کا عمل جاری تھا تو مقامی لوگوں اور والدین کا ہم پر اعتماد نہیں تھا اس لیے ہمیں اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔