ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نےسی پی او منصور الحق رانا کے ہمراہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں اسٹیڈیم اور روٹ کا معائنہ کیا، ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران، ڈی ایس پی مخدوم رشید نعیم عباس، ایس ایچ او مخدوم رشید راشد ندیم، انچارج سکیورٹی علی طاہر، پاک فوج اور حساس اداروں کے افسران سی پی او ملتان کے ہمراہ تھے۔ سی پی او ملتان نے پی سی بی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی۔ ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران نے سی پی او ملتان منصور الحق رانا کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ سی پی او ملتان نے کرکٹ میچ کے پُرامن انعقاد کیلئے اہم احکامات جاری کیے،انہوں نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کا موثر پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہے۔ کرکٹ سٹیڈیم اور روٹس پر لائٹنگ اور صفائی و ستھرائی کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشل کرکٹ میلے کے افتتاحی میچ کی میزبانی اعزاز ہے۔شائقین کیلئے خصوصی شٹل سروس اور پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔