• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائزہ علی

کمرے کے فرنیچر اور کچن کے کیبنٹس کے لیےلکڑی کا استعمال برس ہا برس سے کیا جارہا ہے۔ لیکن اس جدید دور میں لکڑی کے ساتھ ساتھ دھاتی مواد کا استعمال بھی ہونے لگا ہے۔ اسی دوران فارمیکا کا استعمال بھی عام ہو گیا تھا یہ مواد بھی کچن کو چمکدار ،دیدہ زیب اور جدید طرز سے ہمکنا ر کرتا ہے لیکن آج کل کچن کو اسٹائلش بنانے کے لیے لکڑی کا استعمال زیادہ کیا جارہا ہے۔

سیاہ اور گہرے رنگوں کے اسٹائل

ماہرین اندرونی آرائش سیاہ ٹائلز ،بھورے مائل ،گہرے رنگوں حتیٰ کہ سیاہی مائل سرخ رنگ تک کو منفرد اور جدید تصور کرتے ہیں۔ ان گہرے رنگوں کے پس منظر کی دیواریں سفید یا دودھیا رنگوں کی ہوں تو زیادہ بہتر ہے۔آپ کو کچن میں کراکری اور کٹلری بھی تو رکھنی ہوتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ ایک سلیقہ مند عورت کو مہمانداری کے تقاضے بھی پورے کرنے ہوتے ہیں۔

دعوتوں میں زیادہ تعداد میں برتنوں کی ضرورت پڑتی ہے اسی لئے کم وبیش ہر گھر میں 15سے 30اور کبھی اس سے بھی زائد افراد کے لئے کھانے کے برتنوں کے سیٹس محفوظ کئے جاتے ہیں اور روز مرہ استعمال کے برتن ان کے علاوہ ذخیرہ کئے جاتے ہیں۔

جدید کیبنٹ اسٹائل نے ان مشکلات کو دور کر دیا ہے اب چاہےکچن چھوٹا ہوتب بھی جدید کیبنٹ اسٹائل کے ذریعے ہم زیادہ سے زیادہ برتنوں کو محفوظ کر سکتے ہیں۔آپ نے دیکھا ہو گا کہ اب ایک کیبنٹ کو دو سے تین اور کچھ اشکال میں چار حصوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔ 

مثلاً ایک حصہ کٹلری کا، دوسرا مسالوں کے ڈبے یا برنیاں محفوظ کرنے کے لئے اور تیسرا گلاسز کو اسٹور کرنے کے لئے مخصوص کیا جا سکتا ہے۔ یہ میٹریل اسٹین لیس یا فلیٹ پینل کیبنٹ اسٹائل میں بھی مدد گارثابت ہوتا ہے۔ اسٹیل سے تیار کردہ جدید کیبنٹ اسٹائل آ پ کے کچن کو مغربی طرز دینے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

فلیٹ پینل کیبنٹ

جدید اور اسٹائلش کچن ترتیب دینے کے لئے یہ فلیٹ پینل کیبنٹ اسٹائل بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

وڈاسٹائل کیبنٹ

لکڑی سے تیار کردہ کچن کی الماریوں کی اہمیت جدید اور ماڈرن دور میں بھی کم نہیں ہوتی۔آپ چاہیں تو گلاس کیبنٹ یا ماربل کیبنٹ بنوالیں جو شان وڈاسٹائل کیبنٹ کی ہے وہ کسی اور میٹریل میں کم ہی محسوس ہوتی ہے۔ڈیزائنرز کچن میں چھت کے پارلکڑی کے پینل ،گرینا ئٹ ٹیبل ،میز اور روشنی کی عناصر کے ساتھ لکڑی کے کیبنٹ منفرد احساس دلاتے ہیں۔

اگر آپ اپنے کچن کے لئے کچھ نیا چاہتی ہیں، مگر ایک پوری دیوار پر مختلف رنگ پسند نہیں کرتیں تو ایک مختلف رنگ سے تیار کردہ شیلف فریم کیبنٹ اسٹائل سے بھی مدد لے سکتی ہیں۔ بازار میں اس وقت فیروزی ،نیلے ،پیلے اور میرون رنگ کے کیبنٹس موجود ہیں۔ گہرے رنگ طاقتور سمجھے جاتے ہیں اور یہ دیکھنے میں بھی خوب صورت لگتے ہیں۔

گلاس کیبنٹ اسٹائل

لکڑی کے بجائے شیشوں سے تیار کیا جانے والا یہ فرنیچر آرائش کا مقصد بھی پورا کرتا ہے۔ شیشوں کا استعمال اب نہ صرف ڈریسنگ ٹیبل، کھانے کی میز اور دیواری آرائش کے لئے بلکہ کچن کی جدید طرز سجاوٹ میں بھی گلاس استعمال کیاجانے لگا ہے۔