کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان ایشیا کپ کرکٹ کے افتتاحی میچ کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کا پہلا میچ کمزور حریف نیپال کے خلاف ہے ۔ بڑے شکار سے قبل گرین شرٹس کیلئے یہ لہوگرمانے کا موقع ہے۔ ہفتے کو پالے کیلے میں پاکستان اور بھارت مدمقابل ہونگے۔ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اورافغانستان کی ٹیمیں ہیں۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں چار اور سری لنکا فائنل سمیت 9میچوں کی میزبانی کررہا ہے۔ بدھ کوعالمی نمبر ایک پاکستان افتتاحی میچ نیپال کے خلاف ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گی ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کریگا۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے۔ خیال ہے کہ میچ کے موقع پر زبردست ماحول ہوگا اور شائقین کی بہت بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہونے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔ میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہوگی ، میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ اور ایک نیپالی فنکارہ تری شالا پرفارم کرینگی ۔ آتش بازی کا بھی مظاہرہ ہوگا۔ پاکستان ٹیم31 اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی جہاں وہ دو ستمبر کو بھارت کے خلاف گروپ اے کا دوسرا میچ کھیلے گی۔