اسلام آباد(این این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران ہم نے مؤقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن نئے انتخابات کی تاریخ دے کیونکہ قوم میں بہت اضطراب و بے چینی ہے‘آئین پر عمل ہونا چاہئے ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق سکندرسلطان راجہ نےپیپلز پارٹی وفدکو یقین دلایاہے کہ الیکشن کمیشن جتنا جلد ممکن ہوسکے گا، حلقہ بندی کا کام مکمل کرے گا اور اْس کے فوری بعد الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سکندرسلطان راجہ سے ملاقات کے بعدنوید قمر ‘شیری رحمٰن اورمرادعلی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ آئین میں انتخابات کے حوالے سے جوشقیں موجود ہیں ان پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔