کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان میں کرکٹ اور کرکٹرز کی بدولت پی سی بی کا خزانہ بھرا رہتا ہے، بورڈ کے پاس ڈالرز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کھیل کی وجہ سے کرکٹ سے منسلک شخصیات کی ٹھاٹھ باٹھ ہی نرالی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ پانچ سال میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن لوگوں کو بڑی بڑی ملازمتوں پر رکھا ہے ان کے معاہدوں میں ملازمت سے برطرفی کی صورت میں تین ماہ کی تنخواہ دینے کی شق شامل ہے ۔ ایسی ہی ایک مثال کراچی میں اتوار کو منیجمنٹ کمیٹی اجلاس میں سامنے آئی جب بورڈ کی ملازمت چھوڑنے والے ایک افسر کو جہاز کے ٹکٹ اور بیرون ملک سامان کی شفٹنگ کی مد میں 15ہزار ڈالرز دینے کی منظوری دی گئی ۔ وہ افسر ماضی میں آئی سی سی اور زمبابوے کرکٹ کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔