پشاور (نامہ نگار) کمشنر پشاور ڈویژن نے صوبائی دار الحکومت میں صنعت کارواں ،کاروباری شخصیات ،تاجروں اور دیگر افراد کو موصول بھتہ کالز کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھتہ خوروں کے خلاف فوری کاروائی کرنیکی ہدایت جاری کردی ۔ جمعرات کے روز ڈویژنل انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ، اجلاس میں پشاور سمیت مختلف اضلاع میں تاجروں اور صنعت کاروں کو افغانستان کے واٹس اپ نمبروں سے بھتہ کالز پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلے میں مربوط اور جامع کوششوں پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ،چارسدہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور قانون نافذ کرنے والے خفیہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی، اس موقع پر بھتہ خوری کی کالز کی روک تھام کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے پولیس اور دیگر اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاپولیس،سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ ادارے بھتہ کالز کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں، بھتہ کالز کی روک تھام کے لئے انٹیلیجنس ادارے فوری طور پر پولیس،سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو فوری آگاہ کریں جبکہ متعلقہ ادارے بھتہ کالز موصول ہونے والے افراد سے فوری رابطہ کرکے کالز کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں تاجروں اور صنعت کاروں کو محفوظ ماحول اور تحفظ کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا اپنا کردار ادا کریں اور باہمی رابطے مزید موثر اور مضبوط بناکر تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔