کراچی(نیوز ڈیسک)معروف تاجر اور ہیرڈز کمپنی کے سابق مالک محمد الفائد 94 سال کی عمر میں بدھ کو وفات پا گئے۔ان کے بیٹے ڈوڈی الفائد برطانوی شہزادی ڈیانا کے ساتھ ایک کار حادثے میں مارے گئے تھے۔محمد الفائد مصر میں پیدا ہوئے اور انھوں نے 1970 کی دہائی برطانیہ منتقل ہونے سے پہلے مشرق وسطیٰ میں ایک کاروباری سلطنت کھڑی کر لی تھی۔تاہم برطانیہ کا پاسپورٹ حاصل کرنے کی ان کی خواہش کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکی۔محمدالفائد گزشتہ ایک دہائی منظر عام سےدور رہے اور وہ اپنی اہلیہ ہینی کے ساتھ اپنی سرے کی حویلی میں رہائش پذیر تھے۔ ایک بیان میں ان کے اہل خانہ نے کہا کہ محمد الفائد کی اہلیہ، ان کے بچے اور پوتے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ان کے پیارے شوہر، ان کے والد اور ان کے دادا محمد الفائد بدھ 30 اگست کو بڑھاپے میں پُرسکون طور پر ابدی نیند سو گئے۔انھوں نے اپنے پیاروں کے ساتھ ایک طویل اور مکمل ریٹائرمنٹ کی زندگی کا لطف اٹھایا۔فلہم فٹ بال کلب نے کہا کہ ان کی موت کاجان کر ناقابل یقین حد تک افسوس ہوا، اس غم کی گھڑی میں ہماری نیک خواہشات اب ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ الفائد کئی سال سے اس فٹبال کلب کے مالک تھے۔