کوئٹہ(پ ر) بی این پی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری اور انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے اپنے ایک بیان میں قومی راہ شون سردار عطااللہ مینگل کی دوسری برسی پر عظیم الشان تاریخی جلسے کے انعقاد پر پارٹی کے کارکنوں کی بے لوث خدمت اور دن رات کی محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہ شون کی دوسری برسی میں نظریاتی اور مخلص دوستوں کی جوق در جوق شرکت اور جوش و جذبات کا اظہار اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ قومی راہشون سردار عطا اللہ مینگل کی عقیدت ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ کامیاب جلسہ عام نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ عوام کی اکثریت پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت پراعتماد کرتی ہے اور پارٹی نظریہ کے ساتھ وابستہ و پیوستہ ہے۔ انہوں نے مرکزی قائدین، ممبران سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی، ضلعی کابینہ کے ارکان اور تمام یونٹوں کے سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز اور ضلعی کونسلران کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی این پی کا ہر کارکن پارٹی کا سرمایہ ہے اور خصوصاً بے لوث اور مخلص کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ 2 ستمبر کے تاریخی جلسہ عام اس بات کی بھی گواہ ہے کہ پارٹی کارکن کس قدر قائد بلوچستان اور پارٹی نظریہ کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں اور اپنے محبوب قائد کو دل و جان سے چاہتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ کوئی بھی عوامی جماعت، خلوص ایمانداری اور سچائی کے بغیر نہیں چل سکتی۔ آج اگر بی این پی کو عوام میں سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہے تو اس کی وجہ کارکنوں کی نظریاتی وابستگی اور پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل اور ان کے مرکزی ساتھیوں کی وطن دوست پالیسیاں ہیں۔