اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہو سکی۔پی ٹی آئی وکلا ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش،جج راجاجوادعباس نے کہا کہ سیکریٹ ایکٹ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ مارک کرے پھر سن سکتا ہوں،سائفر کیس میں زیر حراست چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے لیے پی ٹی آئی کے وکلا جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پہنچے۔عدالتی عملے نے پی ٹی آئی کے وکلا کو بتایا کہ سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین آج رخصت پر ہیں، جج ابوالحسنات ذوالقرنین اہلیہ کی طبیعت ناسازی کے باعث 8 ستمبر تک رخصت پر ہیں۔عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالتی عملے سے درخواست کی کہ سائفر کیس کی سماعت جمعرات کو رکھ لیں، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔