لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز)پنجاب کی نگراں حکومت نے چینی مہنگی ہونے کی وجہ لاہور ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈرزکو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عالیہ کے 4مئی 2023ءاوریکم اگست 2023 کے جاری کردہ حکم امتناعی نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی راہ ہموار کی اور قیمت آسمان پر پہنچادی ‘کسی نہ کسی بہانے حکم امتناع کی تاریخیں لی جارہی ہیں ‘100روپے والی چینی 180 روپے کلومیں بک رہی ہے ‘ملزمالکان ‘سٹے بازوں اور بروکرز کا گٹھ جوڑ قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار ہے‘55سے 56ارب کی اضافی رقم صرف اسٹے آرڈرز کی وجہ سے حاصل کی گئی‘چینی کی صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے‘قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ حکم امتناعی کو جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ملک اور صوبہ مزید بحرانوں میں ڈوب جائے گا‘قیاس آرائی کرنے والوں ، بروکرز، یادیگر ذمہ داران جنہوں نے مارکیٹ میں تباہی مچا رکھی ہے، انہیں ایم پی او کے تحت حراست میں لینے کی ضرورت ہے‘انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اس طرح کی قیاس آرائیوں کا پردہ فاش کرنے کا کام سونپا جا سکتا ہے ۔