پشاور ( جنگ نیوز ) نگران صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ انجینئر عامر ندیم درانی سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ مشرف خان مروت، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ذیشان عبداللہ اور سی ای او ٹرانس پشاور ڈاکٹر طارق عثمان سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے حکام نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔جس کے دوران ٹرانس پشاور، خیبر پختونخوا اربن موبلٹی اتھارٹی، پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کے حکام نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے محکمے کے مختلف منصوبوں اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی اور درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی ۔صوبائی وزیر نے محکمے کیلئے اپنے چار رہنما اصول austerity , transparency, integrity اور good governance وضع کئے۔ انہوں نے عہدیداران کو جاں فشانی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اور جلد حل کرنے کے ساتھ ساتھ پبلک سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔