کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی ، نائب صدر راجیو شکلا اور دیگر دو عہدیداران بدھ کوواہگہ کے راستے وطن واپس پہنچ گئے ۔ راجر بنی نے کہا کہ پاکستان میں ویسی ہی میزبانی ملی جیسے 1984 میں ٹیسٹ میچ کے دوران ملی تھی۔ بادشاہوں جیسا برتائو کیا گیا ۔ ہمارے دورے سے سب بہت خوش تھے ہمیں بھی اس دورے سے بہت خوشی ہوئی۔ وطن واپسی پر راجیو شکلا کا کہنا تھاکہ دو روزہ دورہ اچھا رہا ۔ پاکستان کا مطالبہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ شروع ہونی چاہیے ہم نے انہیں بتایا ہے کہ اس کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ ہم وہی کریں گے جو ہماری حکومت کہے گی ۔ یہ کرکٹ کا دورہ تھا کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں تھا۔